نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا، نئی امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں 10 ایرانی شہری اور کمپنیاں شامل ہیں۔
امریکا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پابندی کا شکارہونے والے مبینہ طور پر سائبر حملوں میں شامل تھے، امریکی پابندیوں میں ایرانی ڈرونز کی تحقیق، ترقی اور پیداوار میں شامل کئی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی واشنگٹن تہران پر متعدد پابندیاں عائد کرچکا ہے، امریکا نے روس کو ڈرون طیارے فراہم کرنے کی پاداش میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں، جس میں بالخصوص ایرانی پاسداران انقلاب کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ امریکا، یوکرین میں فوجی آپریشن میں روس کو جنگی ڈرون فراہم کرنے میں ملوث ہونے پر ایرانی پاسداران انقلاب اور متعدد ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرے گا۔