اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی ایک روزہ دورے پر نواب شاہ پہنچ گئے، صدر عارف علوی نے سکرنڈ میں پاک آرمی کی جانب سے قائم کی گئی ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اور ٹینٹ سٹی میں موجود رہائش پذیر سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کی۔
صدر مملکت عارف علوی نے نواب شاہ دورہ کے دوران سکرنڈ میں پاک آرمی کی جانب سے قائم کی گئی ٹینٹ سٹی میں رہائش پذیر معصوم بچوں کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں بریفنگ دی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں بارشوں سے بہت تباہی ہوئی ہے حکومت سندھ اور وفاقی حکومت اپنے اپنے حصے کا کام کر رہی ہے، سندھ میں 85 فیصد فصلیں تباہ ہوگئیں، آسمانی آفت کے نقصانات کا سو فیصد پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے انٹرنیشنل اپیل بھی کی ہے کہ مخیر حضرات بھی آگے آئیں اور دل کھول کر مدد کریں، کراچی کے شہریوں نے سیلاب متاثرین کی بہت مدد کی ہے، ہنگامی صورتحال میں بیرونی قرضے معاف ہو جاتے ہیں، سیلابی صورتحال میں میں اپنی جانب سے پانچ کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ میرے دورہ نواب شاہ کا سن کر وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے بھی اپنی جانب سے امداد شامل کرنا کا کہا۔