کراچی(ویب ڈیسک )سٹیٹ بینک آف پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی نشاندہی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ڈیٹا سینٹر، مالیاتی نگرانی یونٹ (ایف ایم یو) کا افتتاح کردیا گیا۔یہ یونٹ وزارت خزانہ کا مالیاتی انٹیلی جنس یونٹ ہے جس کا مقصد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات کرنا ہے۔برطانیہ کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلمپنٹ کی مالی امداد کے نتیجے میں اس یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور یہ ڈیٹا سینٹر خصوصی جانچ کے سوفٹ ویئر (گومیل) کا استعمال کرے گا جو اقوام متحدہ کے دفتر برائے ڈرگز اینڈ کرائم (یو این او ڈی سی) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ڈیٹا سینٹر میں ایف ایم یو کے ذریعے مشکوک مالی لین دین کی جانچ اور اس حوالے سے معلومات جمع کی جائیں گی، جو پاکستان میں موجود بینکس، ایکسچینچ کمپنیز اور دیگر مالیاتی اداروں سے منتقل ہوں گی۔اس کے علاوہ یہ نظام منی لانڈرنگ یا دہشت گردوں کی مالی معاونت کی تحقیقات کرنے والے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مدد فراہم کرسکے گا۔
