کولمبو(نیوزایجنسیاں) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے سپر سکس مرحلے کیلیے کوالیفائی کرلیا۔اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا، پوری ٹیم 39.1 اوورز میں 91 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کیتھرائن برائس نے سب سے زیادہ 15 رنز بنائے، 8 پلیئرز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکیں، پاکستان کی جانب سے کپتان ثناءمیر سب سے کامیاب بولر رہیں انہوں نے 10 اوورز میں 14 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، نشرہ سندھو نے 3 جبکہ غلام فاطمہ اور جویریہ خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ٹیم نے 92 رنز کا آسان ہدف 27.1 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جویریہ خان 35 رنز پر ناقابل شکست رہیں، نین عابدی نے 21 اور ناہید خان نے 20 رنز بنائے۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے تیسری کامیابی کے ساتھ سپرسکس مرحلے میں جگہ بنالی ہے، پاکستان کے علاوہ گروپ بی سے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ اے سے بھارت، سری لنکا اور آئر لینڈ نے سپر 6 مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے۔