آکلینڈ (اے پی پی) ہاشم آملہ کی شاندار بلے بازی اور عمران طاہر کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 78 رنز سے شکست دے دی، میزبان کیوی ٹیم 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 14.5 اوورز میں 107 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، عمران طاہر کی جادوئی سپن باﺅلنگ کے سامنے کیویز کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، عمران طاہر نے کیریئر بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں کیوی ٹیم کے قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 185 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، آملہ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی، ڈی کوک بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، کپتان فاف ڈوپلیسی 36، اے بی ڈی ویلیئرز 26، جے پی ڈومینی 29، فرحان بہاردین 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، کرس مورس 9 اور پارنیل 4 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، گرینڈہوم اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 اور وہیلر نے ایک وکٹ لی، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15ویں اوور کی پانچویں گیند پر 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، عمران طاہر کی تباہ کن باﺅلنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتیں رہیں، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ٹام بروس 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، گلین فلپس 5، کپتان ولیمسن 13، کولن منرو صفر، کورے اینڈرسن 6، گرینڈہوم 15، لیوک رونچی صفر، مچل سینٹنر 5، وہیلر 6 اور ٹم ساﺅتھی 20رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، عمران طاہر پروٹیز کے کامیاب ترین باﺅلر رہے جنہوں نے 3.5 اوورز میں 24 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں، پہلک وایو نے 3 اور کرس مورس نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔