لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹی وی اینکر چوہدری غلام حسین کو گرفتار کرلیا۔
ٹی وی اینکر کے بیٹے عمر غلام حسین نے بتایا کہ والد کو گلبرگ میں قائم کافی شاپ سے 8 بج کر چالیس منٹ پر گرفتار کیا گیا ہے، انہیں حراست میں لینے کے لیے 35 سے چالیس افراد آئے جنہوں نے اپنا تعلق ایف آئی اے سے بتایا۔
بیٹے کے مطابق وہ پرانے مقدمے کا کہہ کر والد کو ساتھ لے گئے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے چوہدری غلام حسین کی گرفتار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بینکنگ سرکل میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چوہدری غلام حسین مقدمہ نمبر 94/2011 میں کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھے، انہوں نے سال 2003 میں جعلی دستاویزات پر بینک سے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے قرض لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مقدمے میں چوہدری غلام حسین کے دو بیٹے بھی اشتہاری ہیں، چوہدری غلام حسین کے اس مقدمہ میں بینکنگ کورٹ لاہور نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے تھے۔