لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری پوری کوشش ہوتی ہے فوج یا اسٹیبلشمنٹ پر تعمیری تنقید کروں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر اسپیس پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کبھی ایسی تنقید نہیں کرتا جس سے فوج کمزور اور دشمن طاقتور ہو، اگر آپ تعمیری تنقید بھی ختم کر دیں تو پھر معاشرہ کیسے آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ کل 11 بجے لبرٹی چوک میں جمع ہوں گے، ہمارے کنٹینر کے ساتھ عوام پیدل چلیں گے ، جمعے تک پنڈی پہنچنے کا پلان ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں نے جو 6 ماہ سختی کے دیکھی ہیں وہ پہلے کبھی نہیں دیکھیں ، جنرل مشرف کے دور میں بھی میں نے ایسی سختی نہیں دیکھی ،اعظم سواتی جیسے آدمی پر تشدد کیا گیا،اس سے پہلے شہباز گل کو انہوں نے ننگا کر کے تشدد کیا، ساری دنیا میں خبر چلی جس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے ہمارا ملک پیچھے جا رہا ہے، کسی ادارے کی اس طرح عزت نہیں ہو گی، ڈنڈے سے آپ جانور کو تو سیدھا کر سکتے ہیں انسانوں کو نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کل آپ دیکھیں گے عوام ہمارے ساتھ کھڑےہیں، ان چوروں کی وجہ سے قوم یکجا ہو گئی ہے۔ مار دھاڑ سے عوام پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جدوجہد کر کے اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں،مجھ میں یہ صلاحیت تھی کہ میں ہار نہیں مانتا تھا، میں تو سیاست میں آیا ہی قانون کی حکمرانی کیلئے تھا، امریکا اور یورپ اس لئے آگے ہیں کیونکہ وہاں قانون کی حکمرانی ہے۔