راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر جدید ائیر ڈیفنس ہتھیاروں کے نظام کی مسلسل تربیت اور اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے آج ہیڈ کوارٹرز آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کا دورہ کیا۔ آرمی ائیر ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق پاکستان آرمی ایئر ڈیفنس کے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ تربیت کے حاصل کردہ معیارات کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے موجودہ دور میں جنگ میں ائیر ڈیفنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر جدید ائیر ڈیفنس ہتھیاروں کے نظام کی مسلسل تربیت اور اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے۔