کولمبو (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا، پاکستانی ویمن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اکیتا بشٹ نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ بھارت نے ہدف بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، دیپتی شرما نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی، اکیتا بشٹ کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی سارا اوول، کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت ویمن کی کپتان متھیلی راج نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پاکستانی خواتین ٹیم اکیتا بشٹ کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث 43.3 اوورز میں 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، عائشہ ظفر 19 اور بمساءمعروف 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ اکیتا بشٹ نے کیریئر کی بہترین باﺅلنگ کی اور 8 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، شیکھا پانڈے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت ویمن نے ہد ف22.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ہرمنپریت کوہر 24 رنز بناکر آﺅٹ ہوئیں جبکہ دیپتی شرما نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سعدیہ یوسف نے دو اور ثناءمیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اکیتا بشٹ کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔