کراچی: (ویب ڈیسک) درآمدی پیاز ادرک اور لہسن سے بھرے کنٹینر کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے کراچی بندرگاہ پر پھنس گئے۔
بینکوں کی جانب سے ضروری دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث درآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس سے انکار کردیاگیا ہے۔ ملک کے کمرشل بینک زرمبادلہ نہ ہونے کو جواز بناکر دستاویزات کلیئر نہیں کررہے۔
کراچی اور بن قاسم بندرگاہوں پر پیاز کے 250، لہسن کے 104 اور ادرک کے 63 کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جن کی مجموعی مالیت 55 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں پیاز کی قیمت پہلے ہی 175 روپے فی کلو ہے، کنٹینرز بروقت ریلیز نہ ہوئے تو قیمت میں 50 سے 80 روپے کلو تک اضافے کا خدشہ ہے۔
پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایسوسی ایشن نے وفاقی وزارت تجارت کو مدد کے لئے خط لکھ دیا، خط میں لکھا گیا ہے کہ کنٹینرز ریلیز کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک سے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
