اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 22 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم کیا جس کا حساب انہیں دینا پڑے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے بھی ملک کا نقصان کیا اب بھی یہی کر رہے ہیں، اگر آپ نے توشہ خانہ میں چوری نہیں کی تو جواب دے دو، ان سے کرپشن کا سوال کرو تو گالیوں اور دھمکیوں پر اتر آتے ہیں، یہ ظلم آپ نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے ساتھ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ظلم کا حساب عمران خان کو دینا پڑے گا، انہوں نے رانا ثناء اللہ کے جیل سیل میں کیڑیاں چھوڑیں، انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، آج کہتے ہیں نیب کے قانون میں ترامیم کر کے فائدہ اٹھا رہے ہیں، کیا ڈیلی میل بھی ہمارے ساتھ مل گیا ہے۔
قبل ازیں سینیئر صحافیوں کے وفد کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ملاقات ہوئی جس میں صحافیوں نے مریم اورنگزیب سے ان کی خالہ اور ن لیگ کی سینیئر رہنما نجمہ حمید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مرحومہ نجمہ حمید کے ایصالِ ثواب کے لیے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔