لندن : (ویب ڈیسک) چین سے تعلق رکھنے والے سابق ماسٹرز سنوکر چیمپیئن یان بنگ ٹاؤ کو میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہونے پر معطل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنوکر کو باقی کھیلوں کی نسبت فکسنگ سکینڈلز سے محفوظ سجمھا جاتا تھا اور میچ فکسنگ کے کیسز نہ ہونے کے برابر تھے تاہم حالیہ چند عرصہ میں سنوکر میں بھی میچ فکسنگ کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ عالمی نمبر سولہ چینی کھلاڑی یان بنگ ٹاو کو فکسنگ سکینڈل کی وسیع تحقیقات کے بعد معطل کیا گیا ہے جبکہ 22 سالہ کھلاڑی پر اب ماسٹرز ٹورنامنٹ میں کھیلنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ورلڈ پروفیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا کہ یان بنگ کو ورلڈ سنوکر ٹور میں شرکت یا مقابلہ کرنے سے فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر ایسوسی ایشن جیسن فرگوسن نے کہا کہ اس سکینڈل سے کھیل پر برے اثرات پڑے ہیں اور اس کے ذمہ داروں کو ضرور سزا دی جائے گی۔