لاہور، شکارپور، مظفر گڑھ، راولپنڈی، کراچی (نمائند گان، مانیٹرنگ ڈیسک) آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ امن دشمنوں کو چن چن کر ہلاک اور گرفتار کرنے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ مظفر گڑھ کے علاقے پتی سلطان محمود میں سی ٹی ڈی نے کالعدم لشکر جھنگوی کیخلاف کامیاب کارروائی کی۔ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے کارندے یاسین عرف عمران سمیت 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ چار فرار ہو گئے۔ ملزمان سے ہینڈ گرنیڈز اور دو سرکاری رائفلز سمیت چار گنیں، تین پستولیں برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب، شکار پور میں عوامی مقامات پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔ حساس ادارے نے تاجک خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگرد کی نشاندہی پر بارودی مواد اور خودکش جیکٹ برآمد کر لی گئی۔ راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں پاک فوج اور رینجرز کے سرچ آپریشن میں تین افغان باشندوں سمیت 100 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ آپریشن کے دوران جدید کمیونکیشن نیٹ ورک بھی پکڑا گیا۔ لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، ملتان، اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران 100سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دہشت گردوں کے گرد گھیرا مزید تنگ ، مختلف شہروں میں کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر مظفرگڑھ کے علاقے پتی سلطان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پرچھاپہ مارا جس پر دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 6دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ 3دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری طرف ملک کے مختلف شہروں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن رات بھر جاری رہا۔ کراچی کے علاقے منگھو پیر میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ لاہور میں رینجرز نے کومبنگ آپریشن کے دوران نشتر کالونی سے چودہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔