اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ 76 سالوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظلم جاری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لئے ہر سال 5 جنوری کے دن یومِ حق خودارادیت مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 5 جنوری 1949ء کی قرارداد کے مطابق بھارت پر لازم ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے باری میں فیصلہ کرنے کا حق دے، لیکن 74 سالوں سے اس قرارداد پر عمل نہیں ہوا
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر روز رپورٹ ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی دنیا نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر عالمی دنیا کی خاموشی اور بے بسی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔
