راولپنڈی (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطری وزیر دفاع اور قطری آرمی چیف سے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کا دورہ کیا ہے جس دوران انہوں نے قطری وزیر دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قطری وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف نے قطری مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قطری مسلح افواج کے سربراہ نے خطے کے امن میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔