اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے صنعتی ترقی کے لیے سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی کابینہ نے چین کے ساتھ صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدے کی منظوری دے دی جس کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان 3 سالہ صنعتی تعاون کا معاہدہ ہوگا، صنعتی تعاون کے فروغ کے لیے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور اے ایف ٹی سی یو کا معاہدہ ہوگا، تعاون کی یادداشت کے تحت حکومتی افسران اور سی پیک سے متعلقہ ورک فورس چین جائے گی۔
وزارت خارجہ اور وزارت قانون نے مشترکہ طور پر ڈرافٹ معاہدے کی تائید کردی، معاہدے کے تحت پاکستانی حکام کو چین کے کامیاب صنعتی ماڈل سے متعلق ٹریننگ دی جائے گی، پاکستان اور چین کا صنعتی تعاون کا معاہدہ 2025 تک موثر رہے گا جس میں مزید توسیع بھی ہوسکے گی۔
معاہدے کے تحت پاکستانی سی پیک ورک فورس کی استعدادکارمیں اضافہ اوراسکل ڈیولپمنٹ کی جائے گی۔