کراچی(کورٹ رپورٹر) سابق چیف جسٹس آف پاکستان سجاد علی شاہ 84برس کی عمر میں کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس جسٹس سجاد علی شاہ منگل کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں جسکی تصدیق انکے بیٹے محمد علی شاہ نے کردی ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ کی عمر 84برس تھی۔ سجاد علی شاہ 1933ءکو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کراچی سے قانون کی ڈگری لینے کے بعد وہ سندھ بارایسوسی ایشن کے رکن منتخب ہوئے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے 4جون 1994ءسے 2دسمبر1997ءتک سپریم کورٹ آف پاکستان کے تیرہویں چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے بےنظیر بھٹو کے دور حکومت میں بطور چیف جسٹس حلف اٹھایا تھا۔ جسٹس سجاد علی شاہ وہ واحد چیف جسٹس ہیں جنکے دور میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ انہیں طبیعت اچانک خراب ہونے پر کراچی میں واقع ایک نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور منگل کے روز مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز چند نجی چینلز نے انکے انتقال کی غلط خبریں نشر کی تھیں۔