لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے اتنخابات کی منسوخی اور اٹارنی جنرل کے مستعفی ہونے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر قانون سمیت معاونین خصوصی کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت مشاورت اجلاس شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن میں ہو گا، اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی شامل ہوںگے، وزیراعظم کے معاونین خصوصی عطاء اللہ تارڑ، ملک احمد خان اور منصور عثمان اعوان کو بھی ماڈل ٹاؤن طلب کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلی صوبائی شخصیات بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے ان کی رہائشگاہ پہنچیں گی۔
وزیراعظم تمام شخصیات سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب کے انتخابات ملتوی ہونے کے بعد کی صورتحال اور اٹارنی جنرل کے مستعفیٰ ہونے کے معاملے پر مشاورت کریں گے۔