اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب پاکستان کو 2 ارب ڈالرز دے گا جس کی تصدیق آئی ایم ایف نے بھی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے ڈپازٹس کی صورت میں اضافی 2 ارب ڈالرز ملنے کے امکانات کے بعد پاکستان کو اب متحدہ عرب امارات سے مزید ایک ارب ڈالرز ملنے کے حوالے سے جواب کا انتظار ہے تاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو سکے۔
آئی ایم ایف نے پاکستانی حکام کو بتایا ہے کہ انہیں سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز کے حوالےسے یقین دہانی موصول ہوگئی ہے اور آئی ایم ایف اس یقین دہانی سے مطمئن ہے۔
توقع ہے کہ سعودی حکام اس ضمن میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر باضابطہ اعلان کریں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں پاکستانی سفیر نے اشارتاً کہا تھا کہ مشکل حالات میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور انشاء اللہ جلد اچھی خبر سامنے آئے گی۔
اب تمام تر نظریں متحدہ عرب امارات پر مرکوز ہیں تاکہ اضافی ایک ارب ڈالرز کے ڈپازٹس مل سکیں، جس کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا۔