تازہ تر ین

القادر ٹرسٹ کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت 2 ہفتے کیلئے منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) القادر ٹرسٹ میں مبینہ کرپشن کے کیس میں درخواستِ ضمانت کی سماعت کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے۔
سماعت کا آغاز
میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
عدالت میں بدنظمی
عدالت میں سماعت شروع ہوئی تو کمرۂ عدالت میں عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے، نعرے لگانے پر ججز نے اظہارِ برہمی کیا اور عدالت سے اٹھ کر چلے گئے، اس موقع پر میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اس طرح نہیں چلے گا، یہ کوئی طریقہ نہیں، مکمل خاموشی ہونی چاہیے۔
جس کے بعد عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت میں جمعے کی نماز کا وقفہ کر دیا گیا۔
وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز
عدالت میں نماز جمعہ کے وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز کیا گیا تو خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری اور حفاظتی ضمانت کی درخواست ہے، ہم نے ایک اور درخواست میں انکوائری رپورٹ کی کاپی مانگی ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نیب کو انکوائری رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، نیب کی انکوائری رپورٹ کا اخبار سے پتہ چلا۔
عمران خان کی عدالت آمد
قبل ازیں ڈی آئی جی آپریشنز کی نگرانی میں پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پولیس لائنز سے لے کر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی،عدالت پہنچنے کے بعد عمران خان ڈائری برانچ میں گئے جہاں ان کا بائیو میٹرک کیا گیا۔
عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع عدالت کے اطراف پی ٹی آئی کارکنان جمع ہوگئے جنہیں پولیس نے منتشر کر دیا۔
عمران نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے معافی کیوں مانگی؟
اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی وقفے کے بعد سماعت سے قبل ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون اور پی ٹی آئی کے وکیل سیف الرحمٰن کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
عمران خان کمرۂ عدالت میں کھڑے ہوگئے اور کہا کہ تمام لوگ پُرامن رہیں اور عدالت کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔
عمران خان نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون سے معافی مانگ لی، عمران خان کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل سیف الرحمٰن نے بھی جہانگیر جدون سے معافی مانگ لی۔
عمران خان کا لیگل ٹیم سے رابطہ
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سماعت سے قبل گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر اپنی لیگل ٹیم سے رابطہ کر لیا،عمران خان نے وکیل حامد خان سے رابطہ کر کے کہا ہے کہ پنجاب پولیس مجھے گرفتار کرنے کیلئے باہر کھڑی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں آپ کو تمام صورتحال سے آگاہ کر رہا ہوں، مجھے دوبارہ گرفتار کیا گیا تو وہی ردعمل آئے گا ، میں نہیں چاہتا کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا ہو، آپ صورتحال کے حوالےسے تیاری کریں۔
خصوصی ڈویژن بنچ تشکیل
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کیلئے خصوصی ڈویژن بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بنچ تشکیل دیا تھا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain