لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے سابق وزیر یاسمین راشد کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے حکم کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت عالیہ کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکٹر یاسمین راشد کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو فوری رہا کیا جائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی گرفتار 17 خواتین کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی معطل کرتے ہوئے رہائی کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے شہری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں اور کارکنان کو تشدد پر اکسانے اور نقص امن کے خدشے کے پیش نظر گرفتار کیا گیا تھا۔