اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی اسمبلی میں فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا بل منظور کرلیا گیا جبکہ ملک کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کی قراردادوں کی بھی متفقہ طور پر منظوری دیدی گئی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں منظور ہونے والے بل کے تحت فیڈرل بورڈ کا دائرہ کار ملک بھر میں کنٹونمنٹ اور گیریژن کے علاقوں میں بڑھایا جائے گا اور نجی تعلیمی ادارے فیڈرل بورڈ کے ساتھ الحاق کرسکیں گے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے شکیلہ لقمان نے کہا کہ پاکستان میں 103 یونیورسٹیاں ہیں جن میں سے خواتین کی یونیورسٹیوں کی تعداد صرف 13 ہے۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ ہمارے کئی علاقوں میں مردوں کی بھی یونیورسٹیاں نہیں ہیں۔ ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے قیام سے بیروزگاری ختم ہوگی۔