اسرائیلی افواج غزہ کے الشفا ہسپتال میں داخل ہو گئی ہے، جہاں ہزاروں مریض اور عام شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ڈیفنس فورس نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ وہ الشفااسپتال کے ایک مخصوص علاقے میں حماس کے خلاف ایک ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی افواج نے کہا ہے کہ کچھ دیر میں اسپتال پر چھاپہ ماریں گے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے الجزیرہ کو بتایا کہ اسرائیل نے ہمیں مطلع کیا ہے کہ وہ آنے والے لمحوں میں الشفاء اسپتال کمپلیکس پر چھاپہ مارے گا۔
ابوعزوم نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی اسپتال کے اندر ہیں جبکہ اسپتال مریضوں سے بھرا ہوا ہے، طبی عملے نے اپنے مریضوں کو چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے، جن میں نوزائیدہ بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کے الشفا اسپتال کا اسرائیلی فوج نے محاصرہ کررکھا تھا، جہاں ہزاروں مریض اور عام شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے غزہ کے الشفا ہسپتال میں اسرائیلی فوج کے داخلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسپتال میں فائرنگ اور مسلح لڑائی نہیں دیکھنا چاہتا۔
وائٹ ہاؤس کے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم اسپتال پر فضائی بمباری کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہی اسپتال میں جہاں معصوم، بے سہارا اور مریض زیر علاج ہیں مسلح لڑائی نہیں دیکھنا چاہتے۔
غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 11,078 ہوگئی، جن میں 4,506 بچے اور 3,027 خواتین شامل ہیں۔