دوحہ: بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی میگا ایکشن فلم ’ٹائیگر3‘ کو مشرق وسطیٰ کے ممالک عمان اور قطر میں پابندی کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق عمان اور قطر کے حکام نے فلم کے مواد پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ’ٹائیگر3‘ میں پاکستان اور انڈیا کے پہلو سے کہانی اور کچھ نازیبا مناظر پر دونوں ممالک کو شدید تحفظات ہیں۔
سلمان خان کی فلم کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کلین چٹ مل چکی ہے اور وہاں یہ معمول کے مطابق ریلیز کی گئی ہے، کویت کے حوالے سے پابندی کی خبریں سامنے آئی لیکن وہاں بھی معمول کے مطابق فلم کی نمائش جاری ہے۔
’ٹائیگر3‘ میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔
تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ میں ناصرف سلمان خان بلکہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن بھی نظر آئے، ان دونوں اسٹارز کو فلم میں مختصر کردار کے لیے شامل کیا گیا۔
یاد رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔