لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی ملاقات ہوئی‘ ملاقات میں لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں میں پیش رفت پر بات چیت کی گئی‘ وزیراعلیٰ پنجاب کو لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کیمپ آفس کا دورہ کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ڈی جی ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی ملاقات ہوئی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سدرن لوپ کا منصوبہ معاشی و سماجی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔ آمدورفت کی جدید سہولتیں تیز رفتار ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔