تل ابیب: غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو لڑائی میں اسرائیل کی برّی فوج کا ایک اور سپاہی مارا گیا جس کی شناخت یوریل ایویڈ سلبرمین کے نام سے ہوئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ سارجنٹ 23 سالہ یوریل ایویڈ سلبرمین غزہ میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یوریل ایویڈ سلبرمین کا تعلق کریاتی بریگیڈ کی 7421 ویں بٹالین نہالیم سے تھا اور اسی بٹالین کے ایک اور افسر اور سپاہی بھی حماس کے ساتھ اس اسی لڑائی میں شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے اسرائیلی فوج کے افسر اور سپاہی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سارجنٹ یوریل ایویڈ سلبرمین کی ہلاکت سے اکتوبر کے آخر میں غزہ میں جنگ کے لیے داخل ہونے اسرائیل کی برّی فوج کے مارے گئے افسران اور اہلکاروں کی تعداد 195 ہوگئی۔
یاد رہے کہ اس تعداد کے علاوہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں بھی ایک ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے جب کہ 200 سے زائد کو حماس نے یرغمال بنالیا تھا جنھیں اسرائیل اب تک آزاد نہیں کراسکا۔
دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ کی 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ 60 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔