پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ کل ایک سیاسی لیڈر نے نواز شریف کو مناظرہ کا چیلنج دیا، میں اس لیڈر کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ نواز شریف کو اپنے صوبے میں آںے کی دعوت دیں، وہاں صوبے کا معائنہ کریں گے، موازنہ بھی ہو جائے گا اور مناظرہ بھی ہوگا اور آپ کو پتہ بھی لگ جائے گا۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے 44ارب روپے کی میٹروبس چلائی، میٹرو کے بعد جوحکومت آئی اس نے پنڈی کو کچھ نہیں دیا، نوازشریف نے بچے اور بچیوں کو لیپ ٹاپ دیے، نوازشریف نے لیاقت باغ میں جو وعدے کیے پورے کیے، نوازشریف کو دوبارہ موقع ملا تو راولپنڈی میں بلیو ٹرین چلائیں گے، راولپنڈی میں بجلی سے چلنے والی بسیں لائیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی حالت بہتر کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی نواز شریف نے بنائی، کارڈیالوجی اسپتال بھی نواز شریف نے بنایا جس میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں۔ رنگ روڈ راولپنڈی کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے اس کو جلد مکمل کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ بے نظیربھٹو نے لیاقت باغ میں جمہوریت کی خاطر شہادت نوش کی، دل پر ہاتھ رکھ کربتائیں پی ٹی آئی نے کیا دیا، راولپنڈی کو لاہور نہ بناؤں تو میرا نام شہبازشریف نہیں، نوازشریف کو ایک بار پھروزیراعظم بنائیں، نوازشریف کے منصوبے گنوانا شروع کروں تو شام ہوجائے گی، کس نے خدمت کی کس نے دھوکا دیا سب کو پتہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیا لیکن انہوں نے گالم گلوچ کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا، راولپنڈی کے لیے 30 ارب روپے کا پانی کا منصوبہ لا رہے ہیں، نواز شریف نے پہلے بھی راولپنڈی کی عوام کو مایوس نہیں کیا اب بھی نہیں کریں گے، نواز شریف نے اربوں روپے کے وظائف بچوں کے حوالے کیے تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 8 فروری کو فیصلہ ہونا ہے کہ کس نے پاکستان کی خدمت کی اور کس نے پاکستان کی عوام کو دھوکا دیا، 8 فروری کو راولپنڈی کے لوگوں نے شیر کو ووٹ دینا ہے، ایک لیڈر نے نوازشریف کو مباحثے کی دعوت دی، 8 فروری کو ان سب کو پتہ چل جائے گا، وعدہ کرتا ہوں نوازشریف کے خادم کی طرح خدمت کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ سے مطالبہ ہے کہ 8 فروری کو ہیر پھیر کو نہیں دل کی آواز کو ووٹ دینا ہے، نواز شریف نے خدمات کی مثالیں قائم کی، منصوبوں پر تختیاں لگائی گئیں ، جن لوگوں کو نواز شریف کی خدمات پسند نہ آئی تو نواز شریف کی حکومت ختم کر دی گئی، 8 فروری کو شیر شکار کرے گا، لوگوں نے اب ثابت کرنا ہے۔
شہباز شریف کے خطاب سے قبل لیاقت باغ میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہباز شریف کی آمد پر لیگی متوالوں کا جوش و خروش اور نعرے بازی کی گئی۔
واضح رہے چیئرمین پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم میں مسلسل نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور مناظرہ کا چیلنج بھی کر رہے ہیں جس کے جواب میں شہباز شریف نے چیلنج قبول کر لیا۔