کیلیفورنیا: سائنسدانوں نے حال ہی میں ایسے خوردبینی روبوٹس تیار کیے ہیں جو پھیپھڑوں میں تیرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاکہ کیموتھراپی براہ راست پھیپھڑوں میں موجود کینسر خلیوں تک پہنچائی جاسکے۔
سائنس ایڈوانسز نامی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، سائنسدانوں نے اتنے چھوٹے مائیکرو بوٹس تیار کیے ہیں جو پھیپھڑوں کے کینسر کے خلیوں تک براہ راست کیموتھراپی ادویات پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے پروفیسر اور محقق لیانگ فانگ ژانگ کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو پھیپھڑوں میں مختلف قسم کی مہلک بیماریوں سے نمٹنے کے لیے پھیپھڑوں کی تمام بافتوں میں شامل ہوکر فعال اور مؤثر طریقے سے علاج کر سکتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ Microbots نینو پارٹیکلز پر مشتمل ہوتے ہیں جو کائی کے خلیوں کی سطح پر چپکے ہوئے ہوتے ہیں۔ کائی نینو پارٹیکلز کو پھیپھڑوں کے اندر تیرنے کے قابل بناتا ہے اور ٹیومر کو ڈھونڈ کر اس میں کیموتھراپی ادویات پہنچاتا ہے۔
لیانگ فانگ ژانگ نے بتایا کہ یہ مائیکرو بوٹس ایک ’بہروپپے‘ کے طور پر کام کرتے ہیں۔ یہ نینو پارٹیکل کو جسم کو بطور سرخ خلیے کی طرح دکھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس سے مدافعتی ردعمل متحرک نہیں ہوپاتا۔