اسلام آباد/ لاہور ( خصوصی رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ سالانہ کمائی میں ایم کیو ایم، اخراجات اور اثاثوں میں پی ٹی آئی سب سے آگے ہے،حکمران جماعت کے اثاثے ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد ہیں جبکہ پی ٹی آئی 15 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق متعدد جماعتوں کی آمدن ان کے اخراجات سے کم ہیں۔2014-15ءکے گوشواروں کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)4 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہے اور اس کی آمدن 1 کروڑ 65 لاکھ روپے ہے جبکہ مختلف اجلاسوں، تفریح اور دیگر کاموں کی مد میں پارٹی کی جانب سے 4 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کئے گئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے 10 کروڑ روپے پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کو منتقل کردیئے جس کے بعد اس کے کل اثاثوں کی مالیت 49 لاکھ روپے رہ گئی، پیپلزپارٹی کی آمدن 2 کروڑ روپے سے زائد جبکہ اخراجات 12 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکا بینک بیلنس 20 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ تھریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ پی ٹی آئی نے سال 2015 میں انتخابی مہم پر 66 لاکھ، اشتہارات کی مد میں 25 لاکھ اور تفریح پر 28 لاکھ روپے سے زائد روپے خرچ کئے اور مجموعی طور پر 36 کروڑ 42 لاکھ روپے کا خرچہ کیا گیااورپھر بھی اس کے اکاﺅنٹ میں 11 کروڑ 90 لاکھ روپے موجود ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے اثاثوں کی مالیت 11 لاکھ 34 ہزار روپے سے زائد ہے جبکہ 2015 میں جماعت کی کل آمدن ایک کروڑ 87 لاکھ روپے اور اخراجات ایک کروڑ 79 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے اثاثوں کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد، مسلم لیگ(ق)کے اثاثوں کی مالیت 5 کروڑ روپے، عوامی نیشنل پارٹی کے اثاثوں کی کل مالیت 2 کروڑ 82 لاکھ روپے جبکہ عوامی مسلم لیگ کے اثاثوں کی کل مالیت صرف ایک لاکھ 38 ہزار روپے ہے۔ ایم کیوایم پاکستان کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے جبکہ جماعت نے شہدا ءفنڈ کے لئے 23 کروڑ روپے سے زائد کا چندہ وصول کیا اور 2015 میں 25 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کئے۔