لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستان فلم انڈسٹری بہت تیزی سے ترقی کررہی ہے جس نے اب بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی شناخت بنالی ہے یہی وجہ ہے اس میں نئے لوگوں کی آمد تیزی سے جاری ہے جو نہایت حوصلہ افزاہے۔ان خیالات کا اظہار زیرتکمیل فلم ”رہبرا“کی پروڈیوسر سائرہ افضل، ڈائریکٹراامین اقبال اور اداکار احسن خان نے”خبریں‘سے ملاقاتمیں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروڈیوسرسائرہ افضل نے بتایا کہ میں پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہوں اور کئی سالوں سے امریکہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کررہی ہوں ،مجھے کبھی بھی فلم سے دلچسپی نہیں رہی لیکن حالیہ چندسالوں میں بننے والی فلمیں دیکھنے کے بعد مجھے اس بات کی بہت خوشی ہوئی کہ ہمارے ملک میں اب کس قدر بہترین کام ہورہا ہے ،جب پاکستان سے باہر کسی بھی ملک میں ہماری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی تعریف ہوتی ہے ہم سب کا سرفخرسے بلندہوجاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے بتایا کہ میں پاکستان فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے لئے نہیں بلکہ ایک جذبہ اور جنون لے کر آئی ہوں کیونکہ میری خواہش ہے کہ شائقین کو ایک بہترین فلم بناکر دوں جو ہر طرح سے ایک مکمل فیملی تفریحی فلم ہوگی۔سائرہ افضل نے بتایا کہ جب میں نے فلم بنانے کے بارے میں سوچاتو اس وقت مختلف چیزوں کے بارے باقاعدہ ریسرچ کی جس کے بعد ڈائریکشن کے لئے امین اقبال کا انتخاب کیا کیونکہ میں نے ان کے بنائے ہوئے کئی ڈرامے دیکھے ہوئے تھے۔میں سمجھتی ہوں میرے ذہن میں جس طرح کی فلم بنانے کا خواب تھا وہ صرف امین اقبال ہی کرسکتے ہیں۔ اسی طرح فلم کے ہیرو کے طورپر احسن خان میری اولین ترجیح تھے جس کے ساتھ عائشہ عمرکو فائنل کیا گیا کیونکہ جس طرح کو کردار ہے وہ عائشہ عمر ہی بہتر پرفارم کرسکتی ہے۔ڈائریکٹرامین اقبال نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کی باتیں تو بہت لوگ کرتے ہیں لیکن انہیں شایدیہ معلوم نہیں کہ ممکن کس طرح ہے۔ دوسری بات یہ کہ فلم کے موجود دورکا تقابل ماضی سے کیا جاتاہے لیکن سوچنے والی بات یہ بھی ہے کہ آج کے دور کا مقابل ماضی کے کون سے دورسے کیا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی کا ابھی تک کوئی فارمولا لیکن ڈائریکٹراور پروڈیوسر پر اس حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،مجھے خوشی ہے کہ سائرہ افضل جیسی پروفیشنل پروڈیوسر ہمارے ساتھ ہے۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی شائقین کو ایک اچھی تفریحی فلم بناکردیں۔ اداکار احسن خان نے کہاکہ میں نے زیادہ کام ٹی وی کیا ہے لیکن بہت سے لوگ مجھے فلموں میں کاسٹ کرنے کے خواہش مندتھے لیکن میں کسی ایک فلم کی تلاش میں تھا جس کی کہانی میں واقعی کچھ منفرد چیز ہو اور یہ سب مجھے”رہبرا“میں ملا۔احسن خان نے مزیدکہا کہ سائرہ افضل اور امین اقبال سمیت پوری ٹیم فلم پر بہت محنت کررہی ہے۔