لندن (صباح نیوز) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے برطانوی جریدے ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا جبکہ جریدے نے اپنے آرٹیکل پر معذرت کرتے ہوئے تقریبا 29 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی جریدے ڈیلی میل نے گزشتہ برس امریکی انتخابی مہم کے دوران ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے بطور ماڈل گزارے گئے وقت کے حوالے سے ‘نازیبا’ الزامات عائد کیے گئے تھے۔خیال رہے کہ 90 کی دہائی میں میلانیا ٹرمپ ٹاپ ماڈلز میں شمار ہوتی تھیں اور جریدے نے اپنے مضمون میں الزام عائد کیا تھا کہ جب میلانیا ٹرمپ ماڈل تھیں تو وہ ‘ماڈلنگ سے بڑھ کر خدمات’ فراہم کیا کرتی تھیں۔جریدے نے اس مضمون کو شائع ہونے کے بعد ہٹالیا تھا تاہم میلانیا ٹرمپ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیلی میل اخبار کے خلاف لندن اور اس کے آن لائن ورژن میل آن لائن کے خلاف امریکا میں ہتک عزت کا مقدمہ کردیا تھا اور 15 کروڑ ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔تاہم اب اخبار نے میلانیا ٹرمپ سے معذرت کرتے ہوئے 29 لاکھ ڈالر زرتلافی ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس میں مقدمے کے اخراجات بھی شامل ہوں گے۔
