کینیڈا: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار و قوال راحت فتح علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ گوروں نے استاد نصرت فتح علی خان کا نام ‘مسٹر اللہ ہو’ رکھ دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راحت فتح علی خان نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنٹو میں استاد ںصرت فتح علی خان صاحب کی اہلیہ مقیم تھیں، میں یہاں آیا کرتا تھا، اسی وجہ سے، میں اس شہر کو اپنا دوسرا گھر کہتا ہوں۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ اُن کی وفات کے بعد ٹورنٹو آنے کا سلسلہ رُک گیا تھا لیکن آج بھی اس شہر سے میری کئی خوبصورت یادیں وابستہ ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی ‘اللہ ہو اللہ ہو’ گوروں اور جاپانیوں کو اس قدر پسند آئی تھی کہ اُنہوں نے نصرت صاحب کا نام ہی ‘مسٹر اللہ ہو’ رکھ دیا تھا۔
گلوکار نے اپنے بیٹے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے شاہ زمان نے صرف 6 سال کی عُمر سے استاد نصرت فتح علی خان کو سُن کر موسیقی سیکھنا شروع کی۔
راحت فتح علی خان نے مزید کہا کہ میرا بیٹا چھوٹی عُمر سے ہی بڑے اسٹیج پر پرفارم کررہا ہے، وہ گانا ‘تمہیں دل لگی’ بہت اچھا گاتا ہے۔