تازہ تر ین

بھارتی اداکار سمرجیت ناگرا نے انڈین ڈراموں کو ہی روسٹ کردیا

ٹی آر پیز چارٹ میں اپنا مقام بنانے والا ڈراما ’کبھی میں کبھی تم‘ نے بھارتی اداکار سمرجیت ناگرا کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

اداکار فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر  کا ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم’  ان دنوں اپنی منفرد اسٹوری لائن کے سبب  نہ صرف پاکستان  بلکہ بھارت میں بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑے نظر آرہا ہے۔

ڈرامے کی کہانی دو بھائیوں اور انکی بیویوں کے گرد گھوم رہی ہے جن میں سے بڑا بھائی عدیل (عماد عرفانی) پیسوں کی لالچ میں اپنی باس رباب (نعیمہ بٹ) کیلئے اپنے والد کے دوست کی بیٹی شرجینا (ہانیہ عامر) سے شادی کرنے سے انکار کردیتا ہے جبکہ اسی اثناء میں چھوٹا بھائی مصطفیٰ (فہد مصطفیٰ) شرجینا سے شادی کرلیتا ہے جس کے بعد ڈرامے کی کہانی دلچسپ موڑ کے ساتھ ناظرین کی توجہ سمیٹ گئی۔

اس ڈرامے میں ہر کردار کو اس قدر  انتہائی عمدگی اور خوبصورتی پیش کیا جارہا ہے جس نے مداحوں کے دلوں پر ان مٹ نقش چھوڑ دیے ہیں۔

 تاہم اس ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بھارتی اداکار بھی اس ڈرامے کی لازوال کہانی سے متاثر ہوگئے  یہاں تک کہ انہوں نے پاکستانی ڈراموں کو بھارتی ڈراموں پر فوقیت دے دی۔

پاکستانی ڈرامے بلا شبہ تفریح کا ایک مقبول ذریعہ ہیں، جنہیں بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، ترکی اور کئی مشرق وسطیٰ کے ممالک میں بہت سے ناظرین دیکھتے ہیں۔ خاص طور پر بھارت میں پاکستانی ڈراموں کے بہت سے شائقین ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھارتی اداکار سمرجیت سنگھ ناگرا نے ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے ہی ملک کے بنائے گئے ڈراموں کو روسٹ کرتے دکھائی دیے۔

اداکارہ نے مطابق ’کبھی میں کبھی تم’نے انہیں  بے حد متاثر کیا۔ انہوں نے اس ڈرامے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کہانی اور کردار بہت عمدہ ہیں اور ان کی اداکاری نے انہیں حیرت زدہ کر دیا۔ سمرجیت نے مزید کہا کہ یہ ڈرامہ اپنی منفرد کہانی اور جذباتی موڑ کی وجہ سے ناظرین کو جکڑ لیتا ہے۔

ویڈیو پیغام میں “کبھی میں کبھی تم” کے بارے میں بات کرتے ہوئے  اداکار نے بتایا کہ،’میں بس یونہی پاکستانی سیریز “کبھی میں کبھی تم” دیکھ رہا تھا مجھے یہ ایک خوبصورت ڈراما سیریل لگی جس کی کہانی سادہ  اور بہت خوبصورت ہے۔’

سمر جیتنے کہا کہ،’ یہ سیریل ایک سادہ جذباتی کہانی دکھا رہا ہے جس میں بہت ہی نیچرل  اداکاری ہے، لیکن اگر ہم اس کا موازنہ اپنے بھارتی ڈراموں سے کریں تو ہمارے ڈراموں کی کہانی اکثر غیر منطقی ہوتی ہے، جیسے کہ اگر کوئی لڑکی سیڑھیوں سے گرتی ہے تو وہ اس سین کو بیس منٹ تک گھسیٹتے ہیں، ساتھ میں ڈرامائی پس منظر کی موسیقی اور اداکاروں کے کلوز اپ دکھاتے ہیں۔’

انہوں نے مزید کہا کہ،’ خیر، اگر ہم پاکستانی ٹیلی ویژن سیریز اور بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا موازنہ کریں تو پاکستانی ڈرامے واقعی تعریف کے لائق ہیں۔ لوگ کہتے ہیں کہ کوئی ڈرامے نہیں دیکھتا ایسا نہیں ہے۔ جب بھی میں اپنے آڈیشنز کے لیے جاتا ہوں تو ہمارے ڈراما بنانے والے مجھے آڈیشنز میں حد سے زیادہ اداکاری کرنے کو کہتے ہیں۔ میں ان سے یہی کہنا چاہوں گا کہ برائے مہربانی پاکستانی ڈراموں سے کچھ اچھا سیکھیں۔’

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب سمر جیت نے پاکستانی ڈرامے کی تعریف کی ہو بلکہ اس سے قل وہ ڈراما “پری زاد”، “میرے پاس تم ہو” اور دیگر ڈراموں کی بھی تعریف کر چکے ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain