لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو گنڈا پور جیسے بندے کا علاج اچھی طرح آتا ہے اسے سبق سکھائیں گے اور پنجاب پر چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔
یہ بات انہوں نے ڈی جی پی آر لاہور میں خواجہ عمران نذیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج جن خدشات کا پہلے اظہار کیا تھا وہ سچ ثابت ہوئے گنڈاپور کے پی کے سرکاری وسائل کے ساتھ ایمبولینس، جیمرز اور کرین لے کر آرہا ہے، یہ تیاری کرکے کوئی جلسہ کے لیے آتا ہے؟ لشکر کشی کے لیے گنڈا پور پھر آ رہا ہے کیا اسے اجازت ملنی چاہیے؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور مسلح جتھوں کے ساتھ راولپنڈی آ رہا ہے جس کے ثبوت ہیں ہمارے پاس، گنڈا پور اسلحہ بردار پولیس فورس کے ساتھ ساتھ ذاتی فورس بھی لارہا ہے مریم نواز نے صاف کہا کہ پنجاب میں قانون و انتظامیہ موجود ہے جمہوریت آئین و قانون بہت ہوگیا اب یہ شیلٹر نہیں چلے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ججز کہتے ہیں جلسے کی اجازت دو کیا ایسے جلسہ کیا جاتا ہے؟ کہتے ہیں 804 دفعہ لگ گئی ہے ہمیں تو دفعہ 144 کی کوئی پروا نہیں، ان کو لاشیں چاہئیں پہلے بھی لاشوں پر سیاست پرانا وطیرہ ہے مگر اب کرنے نہیں دیں گے، پنجاب پولیس کو گنڈا پور جیسے بندے کا علاج اچھی طرح آتا ہے اسے سبق سکھائیں گے اور پنجاب پر چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختون خوا کے بچے کیوں ایندھن بنیں؟ خان کے بچے لندن میں عیاشی کریں جو وہ کلبوں میں جاکر موجیں کررہے ہیں، کے پی ماؤں سے کہوں گی ان کے مقدر میں ڈنڈے سوٹے پیٹرول بم نہیں بلکہ لیپ ٹاپ اور اعلیُ تعلیم ہے، مائیں کے پی کے بچوں کو دہشت گردی کا ایندھن نہ بننے دیں۔
قبل ازیں آج ہی انہوں نے ایک اور پریس کانفرنس بھی کی جس میں انہوں نے کہا کہ کیا کوئی سیاسی جماعت اسلحہ لے کر جلسہ کرنے آتی ہے۔ کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں عام آدمی کے مسائل حل کرنے کی فائل ہونا چاہیے یا اے کے 47 ہونا چاہیے۔ ان سے کہا ہے کہ دہشت گرد مت بنو ورنہ دہشت گردوں جیسا ہی سلوک ہوگا۔ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پوراے کے 47 لے کر آئے تو کارروائی ہوگی۔
عظمی بخاری نے مزید کہا کہ کے پی کے حالات بدترین ہیں۔ وہاں کا پیسہ پنجاب پر یلغار کے لیے لگ رہا ہے۔ہمارے پاس اطلاعات ہیں یہ شرپسندی کرنا چاہتے ہیں۔ ان کو دوسرے طریقے سے ٹھیک کرنا پڑے گا۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ کے پی میں سیکورٹی اداروں پر حملے ہورہے ہیں۔