پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شیڈول سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس کے بالرز نے آسٹریلیا کو 163 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے بغیر کسی آسٹریلیا کے خلاف 25 رنز بنالیے ہیں، اوپنر صائم ایوب 6 اور عبداللہ شفیق 12 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 21 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر-میک گرک 13 رنز بناکر شاہین کا شکار بنے، میتھیو شارٹ بھی 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
آسٹریلوی بیٹر جوش انگلس 18 اور مارنس لبوشین 6، اسٹیو اسمتھ 35، آرون ہارڈی 13، گلین میکسویل 16، پیٹ کمنز 13، ایڈم زمپا 18، مچل اسٹارک ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5 شاہین آفریدی 3 جبکہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں فتح سمیٹ کر سیریز کو برابر کریں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ میچ میں فتح کیساتھ سیریز میں فتح کو یقینی بنانا چاہتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شان ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابراعظم، کامران غلام، سلمان آغا، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین
آسٹریلیا کا اسکواڈ:
کپتان پیٹ کمنز، میٹ شارٹ، جیک فریزر-میک گرک، اسٹیون اسمتھ، جوش انگلس، مارنس لبوشین، گلین میکسویل، آرون ہارڈی، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ