بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ہماری ٹیم دورہ نہیں کرے گی۔
بھارتی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے ہندوستانی حکومت ہمیں ہدایت دے گی تو ہی جاسکتے ہیں لیکن انکار پر ہم نے آئی سی سی کو جواب دے دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے جس پر پی سی بی نے سخت موقف اپنایا ہے اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا بھارت آنا چاہتا ہے تو آئے نہیں تو دوسری ٹیم کا نام فائنل کرلیا جائے گا۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات 2008 سے کشیدہ ہیں تاہم 2012-13 میں پاکستان نے بھارت کیخلاف دو طرفہ سیریز کیلئے ہندوستان کا رخ کیا تھا۔ بعدازاں ٹی20 ورلڈکپ 2016 اور ورلڈکپ 2023 کیلئے بھی گیا۔
تاہم 2008 کے ایشیاکپ کے بعد سے بھارتی ٹیم نے سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔