چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں، اگر بھارت کو کوئی خدشات ہیں تو ہم سے بات کرے ہم دور کر دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے جس کا ہم بھی انتظار کر رہے ہیں، امید ہے آئی سی سی جلد شیڈول کا اعلان کر دے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں کرائیں گے، کھیل اور سیاست دونوں کو الگ رکھنا چاہیے، آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس کے جواب کا انتظار ہے۔