تازہ تر ین

پی ٹی آئی ، حکومت مذاکرات چارٹر آف ڈیمانڈ کیا ؟

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں حکومت نے پی ٹی آئی سے چارٹر آف ڈیمانڈ مانگ لیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے 3 رہنما پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جب کہ حکومت کی جانب سے عرفان صدیقی، علیم خان، اسحاق ڈار، نوید قمر، راجا پرویز اشرف اور رانا ثنا اللہ بھی پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے مذاکرات کے پہلے دور کا ان کیمرہ اجلاس ہوگا، جس میں مذاکرات کا مقام اور ٹی او آر طے کیے جائیں گے۔

 

حکومتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور عرفان صدیقی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں راجا پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چوہدری سالک بھی حکومتی کمیٹی میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سے عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، سلمان اکرم راجا اور صاحبزادہ حامد رضا بھی کمیٹی کا حصہ ہیں، تاہم وزیراعلیٰ پختونخوا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، حامد خان اور سلمان اکرم راجا آج کے اجلاس میں شرکت نہیں کررہے۔

حکومت نے مذاکرات کیلیے بغیر پوچھے وقت دیا، پی ٹی آئی ذرائع
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شریک ہوں گے جب کہ علی امین صوبائی کابینہ کے اجلاس ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عدالت میں پیشی اور حامد خان بنگلادیش کے دورے کی وجہ سے مذاکرات کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اسی طرح سلمان اکرم راجا بھی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

 

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پوچھے بغیر پیر کا وقت دیا تھا، ہمارے اکثر لوگ کیسز اور دیگر معاملات میں مصروف ہیں۔

عمران خان کبھی نہیں کہیں گے مجھے رہا کرو، علامہ راجا ناصر عباس
علامہ راجا ناصر عباس نے اس حوالے سے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا پورا رول ہے۔ مذاکرات میں بھی اسٹبلشمنٹ کی مدد حاصل ہے۔ سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ حکومت کے پاس آخری موقع ہے کہ حالات ٹھیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے میز پر بیٹھیں گے تو معلوم ہوگا حکومت کی نیت کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں کہٰں گے کہ مجھے رہا کرو۔ وہ قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔

ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، صاحبزادہ حامد رضا
پی ٹی آئی کے صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی مذاکرات کے لیے کھلے دل سے جارہے ہیں لیکن اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے سیاسی اسیروں کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جائے گا ۔ سیاسی اسیروں کی رہائی میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی سر فہرست ہے ۔ میں کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے مذاکرات متاثر ہوں۔

ماضی کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھیں گے،عرفان صدیقی
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ اچھی توقعات کے ساتھ جا رہے ہیں، ہمارے پیش نظر پاکستان اور اس کی ترقی ہے، پاکستان کے عوام اور خوش حالی ہے۔ اچھے مقاصد اور اچھی نیت کے ساتھ ماضی کو ایک طرف رکھتے ہوئے توقع رکھتے ہیں کہ مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔

سینئر ممبران کی موجودگی مذاکرات کی سنجیدگی کا مظہر ہے، اسپیکر قومی اسمبلی
پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا، جس پر میں نے وزیراعظم سے درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ سب صاحبان کا شکر گزار ہوں کہ مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی گئی۔ مذاکرات کی سنجیدگی سنیئر ممبران کی موجود سے ظاہر ہے۔ امید ہے پاکستان کی بہتری کی بات کریں گے۔ ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوری طرز عمل اختیار کیا ہے۔ مشاورت سے آئندہ بھی اجلاس رکھیں گے۔ اللہ سے دعا ہے کہ جو پاکستان،جمہوریت اور ہمارے لیے بہتر ہے وہ نتیجہ نکلے۔

دیکھیں گے حکومت کی نیت کیسی ہے؟ عمر ایوب
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ان سے مذاکرات ہوں گے۔ آج مذاکرات کا پہلا دور ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ حکومت کی نیت کیسی ہے، یہ بھی دیکھیں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain