سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ‘ہیرامنڈی‘ میں اپنی دلکشی اور خوبصورتی کی بدولت نام بنانے والی بھارتی شوبز انڈسٹری کی گلیمرس اداکارہ سنجیدہ شیخ نے محبت کے بارے میں اپنے خیالات واضح کردیے۔
واضح رہے کہ سنجیدہ شیخ اور انکے پہلے سابق شوہر عامر علی کو کبھی ٹی وی انڈسٹری کی سب سے پیاری جوڑی کے طور پر شمار کیا جاتا تھا، دونوں کا سب سے مقبول ترین ٹی وی شو ، ‘کیا دل میں ہے’ تھا، جس میں سنجیدہ اور عامر کی آن اسکرین کیمسٹری کو بہت پسند کیا گیا۔
یہی وجہ تھی کہ دونوں جلد ہی دوست بن گئے، پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی، آخرکار چند سال ڈیٹنگ کے بعد 2012 میں یہ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھ گیا، 2019 میں انہوں نے سروگیسی کے ذریعے اپنی بیٹی آئرہ کی پیدائش کے ساتھ پہلی بار ولدیت قبول کی لیکن پھر معاملات نے ایک تلخ موڑ لیا اور اگلے ہی برس یعنی 2020 میں ایک دوسرے سے اپنی راہیں جدا کرلیں، پھر 2021 میں باقاعدہ طلاق ہوگئی۔
پہلی طلاق کے بعد تین سال تنہا زندگی گزارنے کے بعد ایک بار پھر سنجیدہ شیخ نے محبت پر گفتگو کرکے فینز کو دنگ کردیا۔
ایک انٹرویو میں سنجیدہ نے محبت کے بارے میں اپنی سوچ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ،’میری ذاتی رائے ہے کہ آج بھی محبت ڈھونڈنا مشکل نہیں ہے۔ محبت ایک خوبصورت احساس ہے۔ مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ایسا ساتھی ملے جو آپ کی روح کو سکون دے۔’
اداکارہ نے ذاتی زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے مزید یہ بھی کہا کہ،’ رشتوں میں بے وفائی صرف موجودہ دور یا ڈیٹنگ ایپس کی وجہ سے نہیں، بلکہ ہمیشہ سے موجود رہی ہے۔ لیکن اچھے مراحل ہمیں لمحے میں جینا سکھاتے ہیں، اور اس کے برعکس برے مراحل ہمیں مضبوطی سے واپس آنے کا سبق دیتے ہیں۔’
سنجیدہ شیخ کے مطابق،’سب کی زندگی میں کچھ نہ کچھ چل رہا ہوتا ہے۔ مجھے ایسے لوگ پسند نہیں جو اپنی زندگی کے بارے میں شکایت کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں اس دنیا میں جینے کا موقع ملا، یہ ایک نعمت ہے۔’
انہوں نے مزید کہا کہ،’میں اپنی زندگی کے انتخاب اور فیصلوں سے بہت خوش ہوں کیونکہ انہوں نے مجھے پہچان دی۔ میں چاہتی ہوں کہ لوگ میری تعریف کریں، لیکن میں اپنی پہچان خود بنانا چاہتی ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے۔’