ہر اہم موضوع پر دو ٹوک بات کرنے والی پاکستانی اداکارہ اور میزبان مشی خان نے ایک بار پھر اپنا حق ادا کرتے ہوئے اداکارہ نیلم منیر کی شادی پر تنقید کرنے والے ناقدین کو کھری کھری سنادی۔
عروسہ، عجائب گھر، بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ، خالہ خیرن، سات پردوں جیسے ڈراموں میں اداکاری سے مشہور مشی خان صرف ایک اداکارہ ہی نہیں بلکہ ٹیلی ویژن کی ایک معروف میزبان بھی ہیں۔
جبکہ سوشل میڈیا پر متحرک رہنا اور ہر اہم موضوع پر آواز بلند کرنا بھی انہیں سب سے انفرادی پہچان دلواتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے وہ اکثر اوقات موجودہ معاملات، تنازعات، اور شوبز کی تازہ ترین خبروں پر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر اداکارہ نیلم منیر کی شادی کی دھوم سنائی دے رہی ہے ، لیکن اس شادی کو لے کر کئی لوگ اداکارہ کو خاصا تنقید کا نشانہ بناتے نظر آرہے کہ انہوں نے شادی کیلئے ایک بڑا ہاتھ مارا ہے۔
ایسے میں اداکارہ مشی خان خاموش رہیں ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟ مشی خان نے ان ناقدین کو کرارا جواب دینے کیلئے فوراً سوشل میڈیا کا رخ کیا اور ویڈیو جاری کردی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مشی خان نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اداکارہ نیلم منیر کو انکی شادی پر مبارکباد دی اور ان کے انداز کو سراہا۔ ساتھ ہی انہوں نے ان لوگوں کو مخاطب کیا جو نیلم منیر کے شوہر کے بارے میں ضرورت سے زیادہ تجسس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
مشی خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ،’مجھے بے حد خوشی ہے کہ نیلم منیر کی شادی ہو گئی ہے۔ میں انہیں مبارکباد پیش کرتی ہوں وہ اپنی تمام تقریبات میں بے حد خوبصورت لگ رہی تھیں لیکن میں نے بہت سے لوگوں کو ان کے شوہر کے پس منظر پر بات کرتے دیکھا ہے، اور کئی لوگ ان کے بارے میں غیر ضروری طور پر تجسس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ’
مشی خان کے مطابق،’شادی میں مالی تحفظ کو ترجیح دینا کیوں نہ ہو؟ ہر کوئی شادی میں تحفظ چاہتا ہے یہ وہ چیزیں ہیں جو سب دیکھتے ہیں۔ براہ کرم دوسروں کی خوشیوں کو منانا سیکھیں۔’
انہوں نے اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے مزید یہ بھی کہا کہ،’میں نے یہاں تک سنا ہے کہ کچھ لوگ ان کی شادی کے بعد انکے مستقبل پر قیاس آرائیاں کر رہے ہیں، براہ کرم، خدا کے لیے، یہ بند کریں! صرف اس لیے کہ کسی نے عربی لباس میں فوٹو شوٹ کیا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ عربی ہیں۔ کسی کی خوشی منانے میں بخل مت کریں۔’
مشی خان کی اس بات سے کئی سوشل میڈیا صارفین انہیں سراہتے نظر آرہے ہیں اور ساتھ ہی نیلم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی کے لیے دعائیں بھی کر رہے ہیں۔