واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین پر اچھی بات چیت ہوئی ہے اور وہ پراعتماد ہیں کہ صورتحال بہتر ہوگی۔
ٹرمپ کا یوکرین جنگ پر مؤقف ہے کہ امریکا یوکرین میں فوج نہیں بھیجے گا۔ اگر یورپ چاہے تو امن فوج یوکرین میں تعینات کرسکتا ہے جبکہ یوکرین کو بہت پہلے ہی کسی معاہدے پر پہنچ جانا چاہیے تھا۔
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ شاید اسی ماہ ان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکا اور روس نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکراتی ٹیمیں مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکا اور روس کے اعلیٰ سطح کے وفود کی ملاقات ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق روسی وفد سے 4 بنیادی نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، مگر کچھ معاملات میں یورپی یونین کو بھی شامل کرنا ہوگا۔