تیموریہ پولیس نے بفرزون میں 10 سالہ صائم کو کچلنے والے واٹر ٹینکر کے گرفتار ڈرائیور سراج ولد جمعہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمہ الزام نمبر 153/2025 بجرم دفعہ 320 کے تحت جاں بحق ہونے والے بچے کے والد شیخ عبدالرحمان ولد شیخ محمد عباس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ مکان نمبر R-406/A سیکٹر 16/A شاہ خالد بن عبدالعزیز کالونی سوسائٹی بفرزون کا رہائشی اور پرائیوٹ ملازمت کرتا ہے۔
شیخ عبدالرحمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ جمعرات کو اپنے گھر پر موجود تھا کہ رات تقریباً 7 بجکر 50 منٹ پر محلے والوں نے اطلاع دی کہ آپ کے بیٹے صائم کو پانی کے ٹینکر نے ٹکر مار دی ہے جو گھر کے قریب گارمنٹ فیکٹری والے کو پانی دیتا ہے۔
اس اطلاع پر میں فورا گھر سے باہر نکلا اور میں نے دیکھا کہ میرا بیٹا ٹرک کے پیچھے زمین پر پڑا ہوا ہے اور اس کے سر سے خون نکل رہا ہے اور سرکچلا ہوا ہے جبکہ ٹینکر کا ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فیکٹری میں جا کر چھپ گیا۔
اس اثنا میں پولیس بھی وہاں آگئی ، میں اپنے بیٹے کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لے کر گیا ، ڈاکٹروں نے میرے بیٹے کی موت کی تصدیق کے بعد اس کا پوسٹ مارٹم کیا۔
پولیس افسر نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش تدفین کے لیے سپرد کی ، اب میں تھانے آکر اپنا بیان دے رہا ہوں ، میرا دعویٰ ہے کہ پانی کے ٹینکر نمبر TKD-840 کے ڈرائیور جس کا نام سراج ولد جمعہ معلوم ہوا پر میرے بیٹے صائم ولد شیخ عبد الرحمان کو ٹینکر کی ٹکر مار کر ہلاک کرنے کرنے پر کارروائی کی جائے ۔