نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دل دہلا دینے والا منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب قومی ٹیم کے اسٹار بیٹسمین فخر زمان انجری کے باعث لڑکھڑاتے ہوئے پویلین لوٹے اور ڈریسنگ روم میں جذباتی ہوکر آبدیدہ ہوگئے۔
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں فخر زمان فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے، جس کے بعد ان کے لیے میدان میں کھڑا ہونا بھی کسی امتحان سے کم نہ تھا۔ تاہم اس کے باوجود انہیں بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا، جس پر مداحوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ فخر زمان کے قدم لرز رہے تھے، وہ مشکل سے چل رہے تھے، لیکن پھر بھی ہمت کرکے پویلین کی طرف بڑھتے رہے۔
ڈریسنگ روم میں پہنچتے ہی ان کے ضبط کے بندھن ٹوٹ گئے اور وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں سنبھالا اور حوصلہ دیا مگر ان کے چہرے پر چھائی بے بسی سب کچھ کہہ رہی تھی۔
کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے کہ جب فخر زمان پہلے ہی انجری کا شکار تھے تو انہیں مزید خطرہ مول لیکر بیٹنگ کے لیے کیوں بھیجا گیا؟ کیا یہ فیصلہ ان کے کیریئر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے؟۔