چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے اور پہلے اوور میں محمد شامی نے پانچ وائڈ گیندیں کروادیں، اس وقت تین اوورز کے اختتام پر پاکستان نے 14 رنز اسکور کرلیے ہیں۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے ، فخرزمان کی جگہ امام الحق کو شامل کیا گیا ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجائیں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابراعظم ، امام الحق ، سعود شکیل ، محمد رضوان، آغا سلمان، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد ، نسیم شاہ ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف یہ میچ جیتنا ضروری ہے، ہارنے کی صورت میں پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا افتتاحی میچ ہار چکا ہے جب کہ بھارتی ٹیم کو افغانستان کے خلاف کامیابی ملی تھی۔