ممبئی(شوبز ڈیسک) مادھوری کا سنجے دت کی زندگی پربننے والی فلم پربات کرنے سے انکار ۔ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ سنجے دت کی سوانح حیات پر بننے والی فلم پر بات کرنا بیکار ہے کیونکہ زندگی ان تمام چیزو ں سے بہت آگے نکل چکی ہے۔بالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور ان دنوں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، فلم کی ہدایت کاری بھارتی فلم انڈسٹری کے جانے مانے ہدایت کار راج کمار ہیرانی دے رہے ہیں جب کہ فلم میں رنبیر کے علاوہ منیشا کوئرالہ، پاریش راول، انوشکا شرما اور سونم کپور بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میں سونم کپور مادھوری ڈکشٹ کا کردار نبھا رہی ہیں۔
یہ کردار مختصر لیکن پاور فل ہے اور یہ سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کی اصل زندگی میں ہونے والی قریبی دوستی اور پیار پر مشتمل ہے۔مادھوری ڈکشٹ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سنجے دت کی سوانح حیات پر بننے والی فلم پر بات کرنا بیکار ہے کیوں کہ زندگی ان تمام چیزو ں سے بہت آگے نکل چکی ہے، مادھوری ڈکشٹ آخری بار 2014 میں فلم ڈیڑھ عشقیہ میں نظر آئی تھیں اور وہ اب دوبارہ کب بڑی اسکرین پر نظر آئیں گی اس کے جواب میں مادھوری نے مسکراتے ہوئے کہا بہت جلد۔ انہوں نے بالی ووڈ میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں کہا کہ ہاں میں مانتی ہوں بالی ووڈ میں پہلے کے مقابلے میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں۔