تازہ تر ین

نازش جہانگیر کو عائزہ کی کون سی نصیحت یاد؟

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا ہے کہ عائزہ خان کی ایک نصیحت انہیں آج تک یاد ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’شان سحور‘ میں نازش جہانگیر نے شرکت کی اور مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 انہوں نے بتایا کہ انہیں عائزہ خان کا ایک انٹرویو آج بھی یاد ہے جس میں عائزہ نے کہا تھا کہ جب تک کوئی رشتہ یا فیصلہ مکمل طور پر پکا نہ ہو، اسے سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں، کیونکہ ایک بار جو چیز سوشل میڈیا پر آجائے، اسے ہٹانا مشکل ہوتا ہے۔

نازش نے مزید کہا کہ پہلے وہ ہر بات فوراً کہہ دیتی تھیں اور سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتی تھیں، لیکن اب انہوں نے سیکھ لیا ہے کہ ہر چیز کو شیئر کرنا ضروری نہیں، کیونکہ جو کچھ آپ وہاں ڈال دیتے ہیں، وہ ہمیشہ کے لیے رہ جاتا ہے۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری نے بھی انہیں بہت سمجھداری سکھائی ہے۔ ایک سابقہ انٹرویو میں محبت کے بارے میں سوال کے جواب میں نازش نے کہا تھا کہ محبت بہت خوبصورت چیز ہے اور ان کا ماننا ہے کہ جب ان کی شادی ہوگی، تب ہی انہیں حقیقی محبت کا احساس ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ انڈسٹری میں شادی نہیں کریں گی اور ابھی تک انہیں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس سے وہ شادی کرنا چاہیں۔

2017ء میں بطور اداکارہ اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والی خوبصورت اداکارہ نازش جہانگیر کا شمار پاکستان کی خوش شکل اداکاراؤں کی فہرست میں ہوتا ہے، وہ اپنی دلکشی اور اعلیٰ فیشن سینس کی وجہ سے بھی چرچوں میں رہتی ہیں۔

اداکارہ کی صرف صورت ہی بھولی بھالی نہیں بلکہ انکا دھیما لہجہ بھی فینز کے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے۔نازش جہانگیر کے مشہور ڈراموں میں ‘عشق وے’ ، ‘ شکار’ ، ‘ تیری بے حسی’ ، ‘انعامِ محبت’ ، ‘جنزادہ’ ، ‘بے رخی’ ، ‘دل تنہا تنہا’ اور ‘سراب’ شامل ہیں۔

گزشتہ سال اداکارہ نازش جہانگیر کا نام اداکار اسود ہارون کی جانب سے دھوکا دہی کے الزامات کے سبب خاصا چرچوں میں رہا، یہ بات ہے ستمبر 2024 کی ہے جب اسود ہارون نامی شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ نازش نے ان سے پیسے، گاڑیاں اور قیمتی تحائف لے کر دھوکہ دیا۔

جبکہ نازش کی جانب سے اس پورے معاملے پر سوائے خاموشی کے مداحوں نے کچھ نوٹ نہ کیا تاہم انہوں نے قانونی طور پر اس کیس کو سنجیدگی سے لیا۔

اب اس معاملے کو اگرچہ کہ کئی ماہ گزر چکے ہیں وہیں اداکارہ نے پہلی بار اس موضوع پر بات کرکے پچھلا تمام کَچّا چِٹّھا کھول دیا۔

 نازش سے سوال کیا کوئی اگر تمہارے خلاف سوشل میڈیا پر منفیت اگل رہا ہے تو تم نے اسکا بدلہ کیوں نہیں لیا؟ اور اس شخص کو بے نقاب کیوں نہیں کیا؟

جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ’، یہ جو کچھ بھی میرے ساتھ ہوا یہ محض ایک سوچی سمجھی سازش تھی اور سب کچھ ایک مکمل منصوبہ بندی کے تحت ہوا تھا’۔

نازش کے مطابق،’ یہ ایک ناکام بلیک میلنگ ڈرامہ تھا، جو میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے بنایا گیا تھا۔ کچھ بے وقعت لوگ ایسی چالیں اپناتے ہیں تاکہ ہم جیسے خوشحال لوگوں سے پیسہ بٹور سکیں۔ اسی وجہ سے میں نے اس بارے میں سوشل میڈیا پر کچھ نہیں کہا، کیونکہ میں سوشل میڈیا پر کم ہی متحرک رہتی ہوں۔’

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ،’ میں اپنی ہر بات سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتی، یہاں تک کہ میں اپنی ماں کو یاد کرتی ہوں تب بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتی۔ حالانکہ مجھے اس معاملے پر بولنے کے لیے اکسایا گیاتھا لیکن میں نے خاموش رہنے کا فیصلہ کیا۔ اگر میں جواب دیتی تو یہ معاملہ مزید طول پکڑ سکتا تھا۔’

نازش بتاتی ہیں کہ،’ میرے والد نے مجھے بولنے سے روکا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔اور اگر میں نے بھی اس معاملے پر خاموشی توڑی تو یہ معاملہ ہاتھ سے نکل سکتا تھا جس سے میری ساکھ کو شدید نقصان پہنچتا’۔

یاد رہے کہ اس فراڈ کے مقدمے کی سماعت لاہور کی مقامی عدالت میں ہوئی تھی جہاں نازش جہانگیر کے شریک ملزم عدالت کے روبرو پیش ہوئے، جس پر ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی گئی جبکہ نازش جہانگیر کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کی ضمانت خارج کردی گئی تھی۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain