بچن خاندان کی بہو اور نامور بالی وڈ اداکارہ ایشورریا رائے بچن کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جسکے سبب مداح تشویش کا شکار نظر آرہے ہیں۔
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایشوریا رائے کی گاڑی کو حادثہ کیسے پیش آیا۔
وائرل ویڈیو میں اداکارہ کی کار کے پیچھے موجود بس کو اُن کی کار سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جسے دیکھ کر انکے مداح سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔
تاحال اِس واقعے کے حوالے سے زیادہ تفصیلی معلومات میڈیا پر دستیاب نہیں ہیں، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اداکارہ کی گاڑی کا پچھلا حصہ تھوڑا سا ٹوٹ گیا تھا مگر خوش قسمتی سے حادثے کے وقت اداکارہ اپنی گاڑی میں موجود نہیں تھیں اور حادثے کے نتیجے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔
حادثے کے سبب ممبئی کے مذکورہ علاقے کی سڑکیں تقریباً آدھے گھنٹے تک جام رہیں جسے بعد میں پولیس نے کلیئر کرادیا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے فوری طور پر ایشوریا رائے کی کار کو جائے حادثہ سے آگے محفوظ مقام پر منتقل کردیا تاکہ گاڑی کے ارد گرد مزید ہجوم اکٹھا نہ ہو۔
ایشوریا رائے کے والد کی برسی
یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل 18 مارچ کو اداکارہ ایشورریا رائے بچن کے والد کرشناراج رائے کی برسی منائی گئی تھی، اس موقع پر اداکارہ نے اپنے والد کی یاد میں ایک خاص پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے والد کے لیے اپنی دائمی محبت کا اظہار کیا تھا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنی والد کا فوٹو فریم شیئر کیا جس پر پھولوں کی مالا چڑھائی گئی تھی۔
ایک تصویر میں آرادھیا کو فریم پر سر جھکاتے اور دعائیں لیتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ آخری تصویر میں ایشوریا بھی اپنے والد کی برکتیں حاصل کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ‘ہمیشہ کے لیے آپ سے محبت، پیارے اور عزیز والد- اجا۔ ہمیشہ آپ کی محبت بھری دعاؤں کے لیے شکریہ’۔
یاد رہے کہ اس سے قبل، 20 نومبر 2024 کو، ایشوریا رائے نے اپنے والد کی سالگرہ کے خاص دن پر بھی ایک پوسٹ شیئر کی تھی جسکے کیپشن میں آنجہانی والد کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘سالگرہ مبارک ہو میرے زندگی بھر کے پیارے، میرے سب سے عزیز والد- اجا اور میری پیاری آرادھیا کے لیے’۔
کام کے محاذ پر:
ورک فرنٹ کی بات کریں تو ایشوریا رائے بچن کو آخری بار 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘پونین سیلوان: II’ میں دیکھا گیا تھا، جو مانی رتنم کی ہدایتکاری میں بنی ایک تاریخی ڈرامہ فلم تھی۔ اس فلم میں ان کی شاندار اداکاری کو ناقدین اور ناظرین دونوں نے بے حد سراہا۔ تاہم، وہ ابھی تک اپنی نئی فلم کا اعلان نہیں کر پائی ہیں۔
دوسری جانب، ایشوریا کے شوہر ابھیشیک بچن حال ہی میں ‘بی ہیپی’ نامی ڈانس ڈرامہ فلم میں نظر آئے۔ یہ فلم ایک جذباتی باپ بیٹی کے رشتے پر مبنی ہے جس کے متعلق ابھیشیک نے خود اعتراف کیا کہ فلم میں اپنے حقیقی زندگی کے تجربات کو شامل کر کے انہوں نے جذبات کو حقیقت کے قریب تر لانے کی کوشش کی۔
ایشوریا اور ابھیشیک کی ازدواجی زندگی اور اتار چڑھاؤ پر ایک نظر:
بات کریں ایشوریا اور ابھیشیک کی لو اسٹوری اور ازدواجی زندگی کی تو ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی محبت کی کہانی ‘دھوم 2’ کے سیٹ پر شروع ہوئی تھی اور 20 اپریل 2007 کو ان کی شادی ہوئی تاہم اس سے قبل ایشوریا اداکار سلمان خان اور وویک اوبرائے سے افیئرز کے سبب بھی خوب چرچوں میں تھیں۔
2011 میں اس جوڑی نے اپنی بیٹی آرادھیا بچن کا خیرمقدم کیا جو ایک مقبول سلیبریٹی چائلڈ ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ایشوریا نے خود کو ایک محبت کرنے والی بیوی اور بہو کے طور پر ثابت کیا ہے لیکن اب وہ ایک محبت کرنے والی ماں کا کردار سب سے زیادہ نبھاتی نظر آتی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایشوریا اور ابھیشیک کی شادی کو 17 سال ہو چکے ہیں اور ان کے تعلقات کے حوالے سے کچھ عرصے سے افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
نہ ایشوریا اور نہ ہی ابھیشیک نے اس پر کوئی تبصرہ کیا ہے لیکن یہ دعوے بڑے وثوق سے کیے گئے تھے کہ دونوں کی راہیں الگ ہو سکتی ہیں۔
17 سالوں میں ایشوریا بچن خاندان کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔ ان کے سسر، امیتابھ بچن بھی اپنی بہو کو بے حد پسند کرتے ہیں اور اکثر ان کی تعریف کرتے ہیں۔
اس کی ایک مثال ہم نے ‘اسٹاری نائٹس 2.0’ کے سیزن فائنل میں دیکھی جب امیتابھ بچن سے پوچھا گیا کہ ‘ایشوریا اور ابھیشیک کی شادی کے بعد بچن خاندان میں کیا تبدیلی آئی ہے؟’ تو سسرجی نے محبت بھری بات کی اور کہا کہ ‘ہمارے لیے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا ایسا لگا جیسے ایک بیٹی چلی گئی اور دوسری آ گئی۔’