تازہ تر ین

آئی پی ایل – ٹریننگ میں مٹی کا طوفان کرکٹرز پریشان

نئی دہلی میں جمعہ کی شام اچانک اٹھنے والے تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان نے شہر کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

 اسی دوران ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈینز کا ٹریننگ سیشن جاری تھا، جہاں طوفان نے غیر متوقع طور پر شدت اختیار کر لی۔

صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے سابق کپتان روہت شرما نے فوری طور پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو ڈگ آؤٹ میں واپس آنے کی ہدایت دی۔

ممبئی انڈینز نے اس غیر معمولی لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں ڈیپک چاہر، ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے اور باؤلنگ کوچ لسیث ملنگا کو ڈگ آؤٹ کی طرف دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ روہت شرما مزاحیہ انداز میں سب کو آواز دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ،‘واپس آؤ، واپس آؤ‘۔

اس دوران وہ کیمرہ مین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہنستے ہیں اور کہتے ہیں،’ابے مجھے کیا دیکھ رہا ہے؟ وہ ویڈیو بنا‘، ساتھ ہی وہ طوفان کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو اسٹیڈیم کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہوتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی ہواؤں اور گرد و غبار کے باعث دہلی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔

 حکام کی جانب سے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز، کنکریٹ کی سطح پر لیٹنے سے احتیاط اور برقی آلات کو ان پلگ کرنا شامل ہیں۔

دوسری جانب ممبئی انڈینز کی ٹیم اب دہلی کیپٹلز کے خلاف اپنے آئندہ میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے، جہاں وہ شکستوں کے تسلسل کو ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain