پاکستان کے اسٹائلش اور ہینڈ سم اداکار دانش تیمور اپنی اداکاری اور خوبصورت شخصیت کے سبب چرچوں میں رہتے لیکن گزشتہ ماہ ایک پروگرام میں دیے گئے ایک بیان نے ان کا ایسا پیچھا لیا کہ گویا وہ ان کا حوالہ ہی بن گیا ہے۔
دانش تیمور نے اینکر پرسن رابعہ انعم کے ساتھ اس سال گرین ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کی۔
ٹرانسمیشن کے ایک پروگرام میں ان کی اہلیہ عائزہ خان نے بھی شرکت کی تھی جن کے سامنے مردوں کے پسندیدہ موضوع یعنی 4 شادیوں پر دیا گیا بیان انہیں بھاری پڑ گیا۔
دانش کا بیان اور معافی
دورانِ شو گفتگو کرتے ہوئے دانش نے عائزہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن میں کر نہیں رہا، وہ الگ بات ہے۔۔۔ یہ میرا پیار اور احترام ہے کہ میں فی الحال انہی کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتا ہوں۔‘
دانش کے اس بیان کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کی طرف سے استعمال کیے گئے لفظ ‘فی الحال’ پر خاصی تنقید کی اور اسے ایک عورت کے لیے ‘دھمکی’ سے تشبیہ دی۔
ساتھ ہی دانش تیمور کے بات کرنے کے انداز کو عائزہ خان پر گویا احسان جتانے اور ان کی بے عزتی کرنے سے مترادف قرار دیا گیا۔
بتدا میں تو دانش نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو یکسر نظر انداز کیا تاہم جب معاملہ مزید بڑھا تو انہوں نے بیان کی مزید وضاحت کرنے کی کوشش لیکن ان کا یہ عمل بھی کام نہ آسکا۔
آخرکار اداکار کو اپنے اس متنازع بیان پر کھلے دل کے ساتھ معذرت کرنی ہی پڑی۔
دانش کے بیان کی بازگشت اب تک
دانش کی معافی اور بیان کو کافی عرصہ گزرجانے کے بعد ان پر ہونے والی تنقید کا سلسلہ کافی حد تک تھم ضرور چکا ہے لیکن مکمل طور پر رکا نہیں۔
حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی اس پر اپنے نقطہ نظر کو بیان کرتے ہوئے اداکار کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناڈالا۔
شرمیلا فاروقی وسیم بادامی کے شو میں شریک ہوئیں جس میں میزبان نے ان سے دانش تیمور کے حوالے سے سوال کیا۔
اس کا جواب دیتے ہوئے شرمیلا نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ‘ان کی بیگم (عائزہ خان) اتنی سلجھی ہوئی، شریف اور بہت معصوم خاتون ہیں، اور میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں کہ کس معصومیت اور شرافت سے وہ اپنے شوہر کی وہ بار سنتی رہی جس میں وہ احسان جتانے کے انداز میں کہتے نظر آئے کہ میں چار شادیاں کرسکتا ہوں لیکن فی الحال مجھے آپ ہی سے محبت ہے، یہ بہت توہین آمیز تھا’۔
اس پر وسیم بادامی نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں جب میاں بیوی راضی تو پھر کیا مسئلہ ہے۔
اس پر شرمیلا کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بیویوں، خواتین کو بہت کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے، اور وہ ایک لائیو شو میں بیٹھے ہوئے تھے جہاں وہ بچاری اٹھ کر اپنے میاں کو کیا کہتی، پتا نہیں گھر جا کر کچھ بولا یا نہیں’۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہمارا معاشرہ ایسا ہے جہاں خواتین کو دبایا جاتا ہے تو اگر آپ ایک اسٹار ہے لوگ آپ کو فالو کرتے ہیں، وہ آپ سے سیکھیں گے، تو کوئی اچھی بات ہی کرلیں’۔