یکم مئی کو ممبئی میں شروع ہونے والی ورلڈ آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) میں دیگر بالی وڈ کی اسٹارز کے ہمراہ انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے بھی شرکت کی۔
سمٹ کے دوران ایک پینل مباحثے میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اپنے فارغ وقت یا ‘می ٹائم‘ کے بارے میں کھل کر بات کی،جس سے ان کی زندگی کا ایک ایسا پہلو سامنے آیا جو عام لوگوں کے لیے بھی بہت مانوس اور قابلِ فہم ہے۔
سمٹ میں دیپیکا پڈوکون نے نہایت بے تکلفی سے بتایا کہ جب انہیں اپنے لیے وقت ملتا ہے تو وہ اسے کس طرح گزارتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کا ذاتی وقت اکثر گھر کے روزمرہ کے کاموں میں صرف ہوتا ہے جہاں وہ اس دوران گھر کے مختلف امور نمٹاتی ہیں جن میں گھر کے کام کاج کی دیکھ بھال کرنا سرفہرست ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے ’می ٹائم‘ کا ایک اہم حصہ ان کے گھر کے اسٹڈی روم میں گزرتا ہے جہاں وہ موصول ہونے والی ڈاک اور پارسلز کو کھول کر چیک کرتی ہیں کیونکہ چیزوں کو منظم رکھنا ان کی عادت ہے اور وہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ ہر چیز اپنی جگہ پر ہو‘۔
گفتگو کے دوران اداکارہ دیپیکا نے ہنستے ہوئے کچن کے کاموں کا بھی ذکر کیا جہاں وہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھتی ہیں اور اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ گھر کے لیے ضروری گروسری کا سامان موجود ہے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں اپنے روزمرہ کے معمولات میں کپڑے دھونے اور گھر کی صفائی بھی کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک کامیاب اور مصروف اداکارہ ہونے کے باوجود بھی عام گھریلو خواتین کی طرح اپنے گھر کے کاموں کو خود انجام دیتی ہیں۔
جہاں بے انتہا شہرت اور کامیابی کے باوجود ان کی زندگی کے بنیادی پہلو عام لوگوں سے مختلف نہیں ہیں۔
دیپیکا کا کہنا تھا کہ ‘ایک ماں کی حیثیت سے وہ اپنی بیٹی دعا کے لیے ہر چیز کو منظم اور درست حالت میں رکھنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں اور ان کا می ٹائم اسی چیز میں گزرتا ہے‘۔
واضح رہے کہ کام کے محاذ پر اداکارہ دیپیکا پڈوکون فلم ‘کنگ‘ شاہ رخ خان کے ہمراہ نظر آئیں گی۔ فلم میں سہانا خان، ابھیشیک بچن اور ارشد وارثی بھی شامل ہیں۔